غیرملکی خبررساں ایجنسی نے امریکی محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ جن غیرملکیوں نے ہفتے کے روز سے جنوبی افریقا کا سفر کیا ہے،ان کے امریکا آنے پر پابندی ہوگی۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تا کہ کوویڈ 19 وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔ اس کےعلاوہ،ان تمام غیرملکیوں پربھی امریکا آمد پر پابندی ہوگی جنھوں نے برازیل،برطانیہ،آئرلینڈ اور یورپ کےان 26 ممالک کا سفر کیا جہاں سرحدی پابندیاں عائد نہیں ہیں۔ سی ڈی سی کی پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹرڈاکٹر این شوچاٹ نے بتایا کہ جنوبی افریقا کا نام اس لیے اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے کہ کیوں کہ کرونا کی نئی مہلک قسم جنوبی افریقا سے باہر بھی پھیل چکی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ امریکیوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تا کہ کرونا کی اقسام کا پھیلاؤ روکنے اور صورتحال کو بدترین ہونے سے بچایا جاسکے۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 18 جنوری کو برازیل اور یورپ کا سفر کرنے والوں پر سے پابندیاں اٹھا ئی گئی تھیں۔ غیرملکی خبرایجنسی نے مزید بتایا کہ کچھ طبی ماہرین کا خیال ہے کہ کرونا کی جنوبی افریقا میں پھیلنے والی نئی قسم کو روکنے کے لیے ویکسین کارآمد نہیں ہے اور دوبارہ انفیکشن ہونے کا خدشات ہیں۔.
.